بھارت کے کرائم شو ’سی آئی ڈی‘ کی ٹیم کے سربراہ اے سی پی پردھیومن کی موت کے بعد نئے اے سی پی کا نام سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سی آئی ڈی کے دوسرے سیزن کی حالیہ قسط میں اے سی پی پردھیومن (شیواجی ستم) کی موت ہوجاتی ہے اور ان کے کیس کو حل کرنے نئے اے سی پی ایوشمان کو لایا گیا ہے جس کا کردار پارتھ سمتھان نبھا رہے ہیں۔
پارتھ سمتھان ڈراموں میں رومانوی کرداروں کے لیے مشہور ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس شو کے بچپن سے مداح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی میں اے سی پی کا کردار نبھانا میرے لیے بڑی ذمہ داری ہے اسی لیے شروع میں آفر قبول کرنے میں ہچکچا رہا تھا لیکن گھر والوں کے اصرار پر یہ کردار قبول کرلیا۔
اداکار نے کہا کہ جب کردار کے بارے میں گھر والوں کو آگاہ کیا تو وہ سمجھے مذاق کررہا ہوں لیکن بعد میں مجھ پر فخر محسوس کرنے لگے۔
اے سی پی ایوشمان نے کہا کہ یہ نیا کردار اور نئی کہانی ہے، ہم کہانی کو نئے سنسنی اور سسپنس کے ساتھ آگے بڑھائیں گے، مجھے اس شو کا حصہ بن کر خوشی ہوئی ہے۔
دوسری جانب شیواجی ستم نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اے سی پی پردیومن کا کردار ادا کیا، حال ہی میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں شو سے اخراج کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔
شیواجی نے بتایا کہ انہوں نے وقفہ لیا تھا اور وہ اس سے بے خبر تھے کہ آیا ان کا ٹریک ختم ہوگیا ہے تاہم انہوں نے کردار کے ختم ہونے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔