اتوار, جنوری 26, 2025
اشتہار

سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن، پابندیوں کی تفصیلات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ بھر میں کل سے 8 اگست تک جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہوگا، یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق جزوی لاک ڈاؤن میں مارکیٹیں بند رہیں گی، ریٹیل کاروبار بند رہے گا، تاجروں سے بھی لاک ڈاؤن سے متعلق بات چیت کی جائے گی، ریسٹورنٹس میں ڈائن ان پر پابندی ہوگی، بینک وفاق کے ماتحت ہیں مگر حاضری کم رکھنے کا کہیں گے، میڈیا نمائندوں کو ماسک کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ٹرانسپورٹ چلے گی لیکن ان کے لیے جو ویکسین لگوانے کے لیے نکلیں گے، ٹرانسپورٹ مکمل بند نہیں کر رہے ہیں کیوں کہ ویکسینیشن جاری رکھنی ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا ایکسپورٹ انڈسٹری کھلی رہے گی، ریسٹورنٹس کو صرف آن لائن ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، گروسری، میڈیکل اسٹور، گوشت اور دودھ دکانیں، فارمیسی، بیکریز اور دیگر ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا صوبے میں ادویات اور کھانے پینے کی ضروری اشیا کا کاروبار کھلا رہے گا، ہماری تجویز ہے کہ نجی دفاتر بند رکھے جائیں، بہت ضروری کام ہو تو ہی گھر سے نکلیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 9 دن کے لاک ڈاؤن سے وبا کے پھیلاؤ میں کم از کم ایک بریک لگ جائے گی، وبا ختم ہونے والی نہیں لیکن اسپتالوں کی صورت حال بہتر ہو جائے گی، وفاق نے فیصلوں پر عمل درآمد میں مدد کا یقین دلایا ہے، ڈی جی رینجرز میٹنگ میں موجود تھے، انھوں نے بھی کہا ہم ساتھ ہیں، لوگ ویکسینیشن کارڈ لے کر نکلیں، کیوں پولیس کی چاندی کرا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا بھارتی کرونا کو روکا نہ گیا تو صحت کا شعبہ بیٹھ جائے گا، یہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہے، جو چیزیں کھلی ہوں گی ان کی فہرست جاری کریں گے، سندھ سمیت کراچی کے لوگوں سے درخواست ہے جزوی لاک ڈاؤن میں تعاون کریں، جزوی لاک ڈاؤن 8 اگست تک رہے گا، 9 اگست سے کھولنے کی طرف جائیں گے، 9 دن پورا تعاون کیاگیا تو پوری امید ہے وبا کا پھیلاؤ روک سکیں گے، ہماری دعا تو یہی ہے کہ 9 دن بعد یہ وبا ختم ہوجائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں