کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں 14 اپریل کے بعد بھی جزوی لاک ڈاؤن رہے گا، کچھ چیزوں پر عوام کوریلیف دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں 14 اپریل کے بعد بھی جزوی لاک ڈاؤن رہےگا، عوام یہ نہ سمجھے 14 اپریل کے بعد صورتحال نارمل ہوجائے گی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ 14اپریل کے بعد کچھ چیزوں پر عوام کوریلیف دیں گے،کچھ پابندیاں ہوں گی اور کچھ کے لیے پابند بنایا جائے گا۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4005 تک پہنچ گئی ہے۔
سندھ میں آج کرونا کے مزید 54 کیسز سامنے آئے، صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 986 ہوگئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مزید 16 افراد کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعد 269 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 افراد کرونا کا شکار ہوئے جبکہ ٹندو محمد خان میں 7، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہو جس کے بعد صوبے میں کیسز کی تعداد 54 ہوئی۔