لاہور : پاکستان مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اپنے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی اور دیگر خاندان والوں کا پانامہ لیکس میں نام آنے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی اصل فہرست میں مونس الہی کا نام موجود ہی نہیں۔
نواز شریف، ان کی حکومت اور میڈیا سیل بغیر تصدیق کئے خبریں لگوا کر ہمیں بدنام کر رہا ہے۔ ساری رات نواز شریف کی حکومت اور ان کے میڈیا سیل نے مخالفین کے نام لکھوائے تاکہ کنفیوژن پیدا کی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں بھی ان ہی لوگوں نے ایسی خبریں لگوائی تھیں، جن کی اس وقت بھی تردید کی تھی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے مذاکرات ہو رہے ہیں اور آج دن تک ہمیں کسی جماعت پر کوئی شک نہیں۔
قرضے معاف کروانے کے حوالے سے سوال پر پرویز الہی نے شہبازشریف کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف زرداری کے آگے پیچھے انڈے کوفتے لیکر پھرتے رہے۔
مسلم لیگ قاف کے رہنماء نے کہا کہ آصف علی زرداری کو گریبان سے پکڑ کر شہر میں گھسیٹنے کی باتیں کرنے والے انہیں اپنے گھر بلا کر خوشامد یں کرتے رہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نواز شریف میرے بیٹے کا نام پانامہ لیکس میں لانے کیلئے جتنی محنت کر رہے ہیں، اتنی محنت اپنی اولاد کا نام نکلوانے کیلئے کر لیں تو شاید کچھ کامیابی مل جائے۔