اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے تو کیری پیکر کے ہاتھوں پوری ٹیم بیچ دی تھی۔ ایسا شخص جو پیسوں کیلئے ٹیم بیچ دے وہ کل کو کچھ اور بھی بیچ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے ایک بار پھر کپتان کو نشانے پر لے لیا، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان پر تنقید کے خوب نشتر چلائے۔
پرویز رشید نے کہا کہ پیسوں کیلئے کرکٹ ٹیم کا سودا کرنے والا دوسروں پر انگلیاں اٹھاتا اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے عمران خان سے جواب طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کیری پیکر کو بیچی تھی یانہیں؟
ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا ایک بار دیکھ لیا ہے ،دوسری بار بھی دیکھ لیں گے ،اس سے کوئی فرق نہیں پڑیگا ،نواز شریف مخالفین کی تمام سازشوں سے آگاہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گیدڑ بھبھکی 2013میں بھی سنی ہیں۔ میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ ٹی او آرز کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، جن ٹی او آرز سے انتقام کی بو آئے وہ ملکی مفاد میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سرجری کے بعدتیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، نواز شریف سے دو بار ملاقات ہوئی ،دو نو ں مرتبہ وہ چاق و چوبند نظر آئے ،وہ ملکی معاملات سے بھی آگاہ ہیں۔
وزیراطلاعات کے ان باونسرز سے لگتا ہے کہ حکمراں جماعت بیک فٹ پر جانے کے لئے بالکل تیار نہیں ہے۔