لاہور : کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے "پسوڑی” نے موسیقی کی دنیا میں علیحدہ پہچان بنا لی ہے، اس گانے کے بول گلوکار علی سیٹھی نے لکھے، کہا جارہا ہے کہ انہوں نے ٹرک کے پیچھے لکھے الفاظ پڑھ کے گانا لکھا۔
دنیا بھر میں مقبول ہونے والا گانا ‘پسوڑی‘ رواں سیزن کے مقبول ترین گانوں میں سرفہرست تھا۔ اسپاٹی فائی کے گلوبل وائرل 50 گانوں میں پاکستانی گلوکار علی سیھٹی اور شے گل کا گایا ہوا گانا تیسرے نمبر پر ہے۔
اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور اس گانے کی دھوم نہ صرف پڑوسی ملک انڈیا میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی سنائی دے رہی ہے۔
پیر کے روز ’دا نیو یارکر‘ میں شائع ہونے والے تفصیلی مضمون کے مطابق اس گانے پر کام اس وقت شروع ہوا جب گلوکار علی سیھٹی کو ممبئی میں موسیقی کے ایک پروجیکٹ کے سلسلے میں مدعو کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بھی وہ کئی بار انڈیا میں ادبی محفلوں اور موسیقی کے کئی پروگرامز کا حصہ بن چکے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارف سورابھی سنگھ نے اس گانے سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گانا ہر موڈ کے لیے بہترین ہے۔
ماضی میں بھی پاکستانی اداکاروں اور گلوکاروں کے انڈیا میں کام کرنے پر دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
یہی وجہ تھی کہ اس مرتبہ بھی پروڈیوسرز نے گلوکار علی سیھٹی کو بتایا کہ وہ بحیثیت پاکستانی گلوکار انڈیا میں پرفارم نہیں کر سکتے کیونکہ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وہاں موجود انتہا پسند عناصر ریکارڈنگ اسٹوڈیو کو آگ بھی لگا سکتے ہیں۔
علی سیٹھی نے یہ بات سنی اور انہیں پاکستان کے صوبے پنجاب میں ایک ٹرک کے پیچھے لکھے الفاط ’آگ لاواں تیری مجبوریاں نوں‘ (یعنی تیری مجبوریوں کو آگ لگادوں) یاد آگئے۔
امریکی میگزین "دا نیویارکر” سے بات کرتے ہوئے علی سیٹھی نے بتایا کہ اس گانے کے بول انہوں نے گذشتہ سال میوزک پروڈیوسر زلفی خان کو آڈیو کی صورت میں بھیجے جسے سنتے ہی انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ گانا لوگوں کو بہت پسند آئے گا.
اس کے بعد زلفی نے انسٹاگرام پر شے گل کو ڈھونڈا اور زلفی نے ہی علی سیٹھی اور شے گل کو کوک اسٹوڈیو میں یہ گانا گانے کی پیش کش کی۔
یہ گانا نہ صرف یوٹیوب بلکہ دیگر سوشل میڈیا پیلٹ فارمز پر بھی یکساں مقبول نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ جرمن گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے بھی اس گانے کو گایا اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسے پوسٹ کیا۔
مشہور ہونے والے اس گانے کے بول علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھے اور کمپوزیشن زلفی نے کی ہے جبکہ موسیقی زلفی اور عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔