پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز میں ایک مسافر سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر آپے سے باہر ہوگیا اور فضائی میزبان پر تشدد کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز اسلام آباد سے پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 میں پیش آیا۔ سفیر نامی ایک مسافر دوران پرواز خلاف قانون تمباکو نوشی کر رہا تھا۔
خاتون فضائی عملے کی جانبسے منع کرنے کے باوجود مسافر نے تمباکو نوشی بند نہ کی اور بدتمیزی پر اترتے ہوئے آپے سے باہر ہو گیا اور فضائی میزبان پر تشدد شروع کر دیا۔
عملے اور کپتان کی جانب سے سگریٹ نوشی سے روکنے پر مسافر نے خاتون فضائی میزبان کا بازور پکڑ کر مروڑا اور کمر پر مکہ مارا جس سے وہ زخمی ہوگئی۔
مسافر نے فلائیٹ اسٹورٹ اور کپتان پر بھی حملہ کیا مگر انہوں نے محوظ رہ کر مسافر سے سگریٹ چھین لی۔
واقعہ کے بعد پیرس ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے سیکیورٹی طلب کی اور طیارے کے لینڈ کرتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز میں پہنچ کر ملزم مسافر کو گرفتار کر لیا۔
سیکیورٹی فورس نے تشدد کا شکار فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کر کے اور ان کا میڈیکل کروا کر پولیس رپورٹ درج کر لی ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مذکورہ مسافر کو پی آئی اے پر بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ قومی ایئر لائن پر سفر نہیں کر سکے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا پی ائی اے کے عملے نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں پروفیشنلزم سے کام لیا اور اب قانون اپنا کام کرے گا۔ فرانسیسی قوانین اس معاملے میں بہت سخت ہیں اور امید ہے کہ مسافر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔