کراچی : ایئر پورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو ملزمان پکڑے گئے، دونوں ملزمان پی آئی اے کے ملازم ہیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سیکورٹی عملے نے کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو پی آئی اے ملازمین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ ادارے میں کسی بھی قسم کی بےضابطگی اور چوری کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
گزشتہ روز کراچی سے ملتان کی پرواز میں سفر کرنے والی خاتون مسافر کے خاوند مدثر احمد نے پی آئی اے اور پولیس اسٹیشن کراچی ایئرپورٹ پر اپنا سامان اور لاکھوں مالیت کی رقم چوری ہونے کی شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے سیکورٹی عملے نے ان ملزمان کا سراغ لگایا، دونوں مجرمان کو گرفتار کرکے ان سے چوری شدہ چار لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔
دونوں ملزمان پی آئی اے کے ملازم ہیں، سیکیورٹی عملے نے دونوں مجرمان کو ایئر پورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔
اس حوالے سےترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان کو اپنی تحویل میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، قانونی کاروائی کیلئے مزید تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔