کراچی : فضا میں موجود طیاروں کو لیزر لائٹیں مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظ کو خطرات لاحق ہوگئے۔
؎تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر جہازوں کے اترنے سے قبل ان پر لیزر لائٹیں مارنے کا سلسلہ ایک بار شروع ہوگیا ہے، سمندر کے قریب واقع ریسٹورنٹ میں لگی بڑی بڑی لائٹیں پروازوں کو شدید متاثر کرتی ہیں۔
اس حوالے سے ائیرپورٹ مینجر کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کو لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا پڑرہا ہے، گزشتہ15دنوں کے دوران طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لیزر لائٹوں کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس کو خطوط لکھ کر آگاہ کیا جاچکا ہے اس کے باوجود ہیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تاحال کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
ائیرپورٹ مینجر نے بتایا کہ طیاروں پر زیادہ تر لیزر لائٹ پڑنے کے واقعات کلفٹن اور ڈیفنس میں واقع ہوئے ہیں، بیرون ملک سے آنے والے طیارے جن کی سمت سمندر کے اوپر سے ہوتی ہے۔
کلفٹن اور ڈیفنس میں بنے ریسٹورنٹ میں لگی بڑی لائٹیں جہازوں کو متاثر کررہی ہیں، ذرائع کے مطابق غیر ملکی ائیرلائنوں نے بھی لیزر لائٹ پڑنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔