کشمور : قومی شاہراہ پر دو مسافر بسوں میں تصادم کے سبب تین مسافر جاں بحق اور پینتیس زخمی ہوگئے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ علی حسن ملک کے مطابق کراچی سے پنجاب اور پشاور سے کراچی جانے والے دو مسافر بسوں میں تصادم ہوگیا ہے، تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا پٹرول ٹینک پھٹ گیا اور آگ بھڑک اُٹھی جس کی وجہ سے تین مسافر جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اور جاں بحق و زخمی ہونے والے مسافروں کو کندھ کوٹ اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمی مسافروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈی ایچ او کشمور لیاقت علی کلہوڑہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 35 افراد میں سے 7 افراد کی حالت نہایت تشویشناک ہے جنہیں کراچی اور لاڑکانہ منتقل کیا جارہا ہے جب کہ کندھ کوٹ اسپتال میں ایمرجنسی کا نافذ کردی گئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں میں بچے، خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں، جاں بحق مسافروں کی میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا جب کہ 7 مریضوں کو کراچی اور لاڑکانہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اب بھی ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہے جہاں افراتفری کا ماحول ہے اور لوگ خوف کاشکار ہیں، کئی مسافر تاحال بسوں میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کےلیے مشینری منگوائی گئی ہے۔