کراچی : وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کرونا کے پیش نظر ایئرپورٹ کا دروہ کیا اور اسکریننگ و ٹیسٹنگ انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اور وفاقی حکومت مشترکا طور پر کرونا وائرس پر قابو میں لگے ہوئے ہیں، اسی سلسلے میں صوبائی وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے اسکریننگ اور ٹیسٹنگ اور 17 اپریل کو اومان سے کراچی آنے والی فلائٹ سے قبل انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ تمام عملے کو لازمی طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کرنا ہوگا، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مسافروں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی ہے۔
وزیر صحت نے ایئرپورٹ کے احاطے میں بنائے گئے قرنطینہ کا بھی دورہ کیا اور ہدایات کی کہ ایئرپورٹ پر عملہ ماسک، گلوز اور سینیٹائزرکا استعمال کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آئے مسافروں کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا، کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے صوبائی حکومت بھی اقدامات کررہی ہے۔