تازہ ترین

کیوبا: مسافر طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ

ہوانا: کیوبا کے دارالحکومت میں واقع ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والا مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد گر کر تباہ ہوگیا، جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی  کے مطابق کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے ائیرپورٹ سے گیانا جانے والا بوئینگ 737 طیارہ ٹیک آف کے بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا جس میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔

کیوبا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کیوبانا ڈی ایویاسیون کا آپریٹ کردہ طیارہ بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، حادثے کے فوری بعد ریسکیو حکام اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔

کیوبا کے صدر نے طیارے میں سوار 107 مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر  کیا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس مقام پر طیارہ تباہ ہوا وہاں دھوئیں کے گہرے بادل واضح دکھائی دے رہے ہیں۔

اپ ڈیٹ

حالیہ اطلاع کے مطابق حادثےکے شکارطیارےمیں سوار3مسافرمعجزانہ طورپربچ گئے تاہم ان زخمیوں کی حالت تشیویشناک ہے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

حادثے کے بعد حکومت کی جانب سے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جبکہ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں ہوانا ائیرپورٹ پر جمع ہوگئے، ہر دوسرا شخص اپنے عزیز کی تصویر تھامے بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے اور دعا گو ہے کہ سب مسافر خیریت سے رہیں۔

اطلاعات کے مطابق سول ایوی ایشن نے گزشتہ برس کیوبا انٹرنیشنل ایئرلائن کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے کئی جہازوں کو گراؤنڈ کرادیا تھا جس کے بعد انہیں گزشتہ روز کی پروازیں اڑانے کی اجازت ملی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -