پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والوں کی تین تین جگہ تلاشی کی شکایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کو ایک ہی کاوئنٹر پر تلاشی کی ہدایت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر عملے کی جانب سے وزارت داخلہ کے احکامات یکسر نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزات داخلہ کی ہدایت پر سی اے اے کی جانب سے مختلف ائیرپورٹس پر قائم کئے گئے جوائنٹ بیگج، سرچ کاوئنٹر اور جوائنٹ سی سی ٹی وی پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

اس کے علاوہ ائیر پورٹس پر اداروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان بھی پایا جاتا ہے، احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرپورٹس مینیجرز کو خط ارسال کردیئے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی اے ار وائی نیوز کو موصول ہوگئی، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بعض ادارے سرچ کاوئنٹر پر عمل درآمد نہیں کر رہے، محکمہ کسٹم اپنی من مانیاں کررہا ہے اور احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔

لکھے گئے خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر جوائنٹ بیگج سرچ کاؤنٹر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز ایک ہی جگہ مسافروں کے سامان کی چھان بین کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تین مختلف جگہوں پر لی جاتی تھی جس سے مسافروں کو تکلیف اٹھانی پڑتی تھی، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز الگ الگ مسافروں کے سامان کی تلاشی لیتے تھے جس سے مسافروں کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے جوائنٹ بیگجز سرچ کاوئنٹر پر سختی سے عمل درآمد کریں اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تینوں محکمے ایک ہی جگہ پر یقینی بنائیں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں