رسالپور: سعودی عرب فضائیہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مضبوط رشتہ استوار ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق آج صبح پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پیریڈ رسالپور اکیڈمی منعقد ہوئی جس میں سعودی عرب اور کویت سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس بھی شامل تھے۔
اس موقع پر سعودی عرب کے ایئر چیف محمد بن صالح الاُتیبی بھی موجود تھے ‘ انہوں نے تقریب کے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں دی جانے والی تعلیم اور تربیت کے معیار کو سراہا‘ سعودی فضائیہ کے سربراہ نے تربیت مکمل کرنے پر سعودی اور کویتی کیڈٹس کو مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب اور اخوت کے رشتے میں جڑے ہوئےہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔