پتنگ بازی خطرناک شوق ہے جو کئی لوگوں کی جان لے چکا ہے حیدرآباد میں بھی پتنگ اڑانے کے دوران ایک 11 سالہ لڑکا جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پتنگ بازی ایک خطرناک شوق ہے جو اب تک کئی لوگوں کی جان لے چکا ہے۔ یہ اتنا دہشتناک شوق ہے کہ صرف یہ پتنگ اڑانے والوں کے لیے ہی موت کا پیغام نہیں لاتا بلکہ تیز دھار ڈور راہ گیروں کی شہ رگ کاٹ کر انہیں بھی لقمہ اجل بنوا دیتی ہے۔
بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں بھی پتنگ اڑانے کے دوران ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بجلی کے تار کی زد میں آکر 11 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جس کی شناخت تنیشک کے نام سے ہوئی ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد دکن کے عطا پور علاقے میں 11 سالہ تنیشک دوستوں کے ہمراہ پتنگ اڑانے کے لےی ایک عمارت کی چھت پر چڑھا تھا جہاں وہ بجلی کے تاروں کی زد میں آیا جس کے نتیجے میں اسے زور دار کرنٹ لگا جس کے باعث وہ وہیں گر گیا۔
لڑکے کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ پہلے ہی دنیا سے کوچ کر چکا تھا اور ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق بھی کر دی۔
علاقہ پولیس نے عمارت کے مالک کے خلاف لاپروائی برتنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔