اسلام آباد: شہریوں کی آسانی کیلیے ملک کے تمام شہروں میں پاسپورٹس ڈیلیوری کاؤنٹرز 7 دن 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے تمام زونل ہیڈز کو اس حوالے سے احکامات جاری کر دیے گئے۔ ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے بتایا کہ شہری اب ملک بھر کے 227 پاسپورٹ دفاتر میں کسی بھی وقت پاسپورٹ وصول کر سکتے ہیں۔
مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ فیصلہ شہریوں کو پاسپورٹس کا بروقت اجرا یقینی بنانے کیلیے کیا گیا، ملک بھر میں پاسپورٹ کا بیگ لاک مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
اس سے قبل پاسپورٹ بنوانے اور تجدید کروانے والوں کیلیے بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہر کے 2 نادرا میگا سینٹرز میں پاسپورٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
کراچی میں نادرا میگا سینٹر فائیو اسٹار چورنگی، اور نادرا میگا سینٹر سیمنس چورنگی (سائٹ) میں شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
شہر میں متبادل پاسپورٹ سینٹرز کا قیام مرکزی پاسپورٹ آفس پر رش کم کرنے کیلیے کیا گیا۔ گزشتہ دنوں ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے کراچی دورے کے موقع پر نادرا سینٹرمیں پاسپورٹ آفس کے قیام کا فیصلہ ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق کراچی سمیت پاکستان بھر کے 11 کے لگ بھگ نادرا میگا سینٹرز پر پاسپورٹ کی سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہے۔