اسلام آباد : ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کی بڑی مشکل حل کردی، متعلقہ حکام کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاسپورٹ ان کے انفرادی پتوں پر ارسال کیے جانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستانی مشنز کی بڑی تعداد نے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کےلیے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ میں درخواستیں جمع کرائی تھیں، اوور سیز پاکستانیوں نے درخواست کی تھی کہ ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ان کے پتوں پر ارسال کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریوینس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے اس ایشو کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین نادرا کو نوٹس جاری کیے۔
ڈی جی پاسپورٹ نے وفاقی محتسب کے نوٹس لینے پر کہا کہ ہم نے پاکستانی مشنز اور اوورسیز پاکستانیوں کے انفرادی پتے پر پاسپورٹ کی ترسیل شروع کردی ہے، جس کے بعد محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے 9576 پاسپورٹ مختلف پاکستانی مشنز اور 463 پاسپورٹ ملائیشیا روانہ کیے جاچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے پاسپورٹ میں وزارت داخلہ کے احکامات کی روشنی میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے اور یہ توسیع کرونا وائرس کی وبا کے باعث کی گئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی دستاویزات اپنے متعلقہ مشن سے حاصل کرسکتے ہیں یا پھر انفرادی پتوں پر وصول کرسکتے ہیں۔