حیدرآباد: پاسپورٹ آفس کی ناقص کارکردگی عیاں ہوگئی، پریشانی کا شکار شہریوں نے تنگ آکر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد میں پاسپورٹ آفس آنے والے شہریوں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں، عملہ ڈیوٹی کے اوقات شروع ہونے کے کئی گھنٹوں بعد آفس آتا ہے، پاسپورٹ آفس کی حالت زارعوام کیلئے درد سر بن چکی ہے جبکہ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پاسپورٹ آفس میں افسران اور عملہ 11 بجے تک ڈیوٹی سے غیرحاضر رہتا ہے، پاسپورٹ آفس کے معلوماتی کاؤنٹر پر بھی کوئی ذمہ دار موجود نہیں ہوتا۔
اس تمام صورتحال اور پاسپورٹ آفس کی بدترین حالت سے تنگ شہریوں نے حیدرآباد پاسپوٹ آفس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔
پاسپورٹ دفتر میں نہ صرف نظم و ضبط کا فقدان ہے بلکہ درخواست گزاروں کو سہولیات کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے، عوام نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے فوری نوٹس لینے، پاسپورٹ آفس کے انتظامات بہتر کرنے کی اپیل کی ہے۔