منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کرونا کو شکست دینے والے جوان افراد سے متعلق نیا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں یہ بات واضح طور پر سامنے آ گئی ہے کہ کرونا وائرس کو شکست دینے والے جوان افراد ایک بار پھر اس وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک نئی طبی تحقیق میں معلوم ہوا کہ اگرچہ کرونا وائرس کے مریضوں میں اینٹی باڈیز بن جاتے ہیں جو آئندہ بیماری سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود جوان افراد کو اس سے مکمل تحفظ نہیں ملتا، محققین کا کہنا ہے کہ جوان افراد کرونا وائرس سے دوبارہ بیمار ہو سکتے ہیں۔

یہ تحقیق نیویارک سٹی کے اسپتال ماؤنٹ سِنائی میں 3 ہزار سے زیادہ صحت مند جوان میرین اہل کاروں پر کی گئی، اور اس کے نتائج طبی جریدے دی لانسیٹ ریسیپٹری میڈیسین میں شایع کیے گئے، نتائج سے معلوم ہوا کہ کو وِڈ ری انفیکشن جوان افراد میں عام ہے، یعنی ایک بار کرونا سے صحت یاب ہونے کے باوجود انھیں دوبارہ انفیکشن ہو سکتا ہے۔

محققین نے ان نتائج کے تناظر میں جوان افراد کی ویکسی نیشن کو بہت ضروری قرار دیا، کیوں کہ اس سے مدافعتی رد عمل زیادہ مضبوط ہوتا ہے اور وائرس کی آگے منتقلی کی شرح کم ہو جاتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ کرونا سے محفوظ لوگوں میں اس سے متاثر ہونے کا خطرہ ایک بار کرونا سے متاثرہ لوگوں کے مقابلے 5 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے 3 ہزار 249 مردوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان تھیں، تحقیق کے دورانیے میں 1 ہزار 98 افراد (یعنی 45 فی صد) میں پہلی بار کو وِڈ کی تشخیص ہوئی جب کہ 10 فی صد میں دوسری بار بیماری کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں معلوم ہوا کہ جن افراد کو دوبارہ بیماری لاحق ہوئی، ان میں کرونا وائرس کے خلاف متحرک ہونے والی اینٹی باڈیز کی سطح کم تھی، تاہم پہلی بار بیمار ہونے والوں کے برعکس ان میں وائرل لوڈ اوسطاً 10 گنا کم تھا، اور زیادہ تر ایسے افراد میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں