پتوکی: ریٹائرڈ اسکول ٹیچر کے اغوا اور قتل کا معمہ پتوکی پولیس نے تیزی سے حل کر کے قاتل کو چند ہی گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پتوکی میں ایک شخص نے ریٹائرڈ اسکول ٹیچر ذوالفقار کو اغوا کر کے قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اقبال نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول ذوالفقار نے اس کو سود پر رقم دی تھی، اور وہ سود سے تنگ آ گیا تھا، جس پر اس نے قرض دہندہ کو قتل کر دیا۔
پتوکی پولیس کے مطابق نائلہ ریاض نے اپنے شوہر محمد ذوالفقار کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی شروع کی اور چند ہی گھنٹوں میں ملزم تک پہنچ گئی۔
لاہور کے 6 تھانوں کی پولیس غیر قانونی اسلحہ کی سب سے بڑی بیوپاری، ہوشربا انکشافات
پولیس کے مطابق ملزم نے مقتول کو چھری کے وار کر کے قتل کیا تھا، اور پھر لاش کھیت میں پھینک دی تھی، پولیس نے ملزم اقبال کو ٹریس کر کے گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
ادھر سندھ کے شہر شکارپور میں ایک ریٹائرڈ خاتون تعلیمی افسر کو دن دہاڑے مسلح افراد نے اغوا کر کے لوٹ لیا ہے، خاتون کو ہاتھی گیٹ میں 3 مسلح افراد کار میں اغوا کر کے لے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے خاتون سے 11 لاکھ روپے مالیت کا سونے کا ہار چھینا، اور پھر انھیں گاڑی سے اتار کر فرار ہو گئے۔
شکارپور ہی میں تھانہ سلطان کوٹ کی حدود میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے، ڈاکو سڑک کنارے واردات کے لیے کھڑے تھے، پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں ڈاکو مارا گیا۔