کراچی: پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر پر عائد پابندی کا نوٹس لے لیا۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس کی مذمت کرتے ہوئے پی بی اے نے کہا کہ اراکین اور وکلا سے مشاورت کے بعد قانونی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی آرڈیننس 2002 کے تحت عائد کی گئی، کوئی بھی ٹی وی چینل عمران خان تقاریر نشر نہیں کرے گا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ عمران خان نے اپنی تقاریر میں اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے، ان کے الزامات ٹی وی چینلز نے بغیر ادارتی نگرانی کے نشر کیے، ایسے مواد کو نشر کرنے سے لوگوں میں نفرت پیدا ہونے کا امکان ہے۔