اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان تین سالہ معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے، معاہدے پر ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دستخط کیے۔
سال 2023 تک جاری معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی سی بی اور براڈ کاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈ کاسٹنگ ڈیل ہے۔
اگر ہم اپنا کرکٹ کا اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائے گا، وزیراعظم
انھوں نے کہا 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 ارب روپے خرچ کرے گا۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ رقم اعلیٰ کارکردگی مراکز میں سابق کرکٹرز کے روزگار کے لیے بھی خرچ ہوگی۔
دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنا کرکٹ اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا، پاکستان میں جتنا ٹیلنٹ ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں ہے، ہمارا ٹیلنٹ ایک نظام نہ ہونے کے باوجود نکلتا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھے مقابلے اور میرٹ سے کرکٹ بہتر ہوتی ہے، دنیا میں سب سے بہترین کرکٹ کا نظام آسٹریلیا میں ہے جو سب سے بہتر کرکٹ کو پالش کرتی ہے اور لوگ اوپر آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ تو نظر آ جاتا ہے لیکن اس کو پالش کرنے کے نظام میں مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔