لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلا دیش منسوخ کردیا گیا ہے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے وعدہ کے برخلاف پاکستان آنے سے منع کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلہ دیش منسوخ کردیا ہے جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ پاکستان بار بار بنگلاد یش کا دورہ نہیں کرسکتا جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم جوابی دورے کیلئے تیار نہ ہو اس لیے جولائی سے شروع ہونے والے دورہ بنگلہ دیش کو منسوخ کرتے ہیں۔
یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جولائی اور اگست میں بنگلا دیش کا دورہ کرنا تھا جہاں بنگلہ دیش سے 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنا تھا تاہم اب یہ سیریز منسوخ کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دورہ بنگلہ دیش کی ہامی مشروط طور پر بھری تھی جس میں دوطرفہ سیریز کھیلنے پر اتفاق ہوا تھا جس کے تحت بنگلہ دیش کو بھی پاکستان دورے پر آنا تھا جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ممکن ہونے کی امیدیں بڑھ گئی تھیں۔
لیکن بنگلہ دیش کے کی جانب سے بار بار تاخیری حربے آزمانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ردعمل کے طور پر دورہ بنگلہ دیش کو منسوخ کردیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے مطلع کردیا ہے۔