لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے لیے تین سالہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے، اے کیٹیگری میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے معاوضے میں 144 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اے کیٹیگری میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی 20 میچ کی فیس میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بی کیٹیگری میں فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں۔
سی کیٹیگری میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈی کیٹیگری میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، شاہنواز دھانی، شان مسعود شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو سال میں دو غیرملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹرز چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم تھے اور کھلاڑیوں کو صرف ڈیلی الاؤنس دیا جارہا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کو بقایا جات نئےکنٹریکٹ کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔
کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہوگئے تھے جس کے بعد کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ چند ماہ سے التوا کا شکار تھا، قومی کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی کئی شقوں پر اعتراضات تھے۔