پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 62واں اجلاس 10 اپریل بروز ہفتے کو ورچوئل سیشن کے ذریعے منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے انعقاد سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔
بی او جی نے پاکستان کرکٹ کی شہرہ آفاق شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےانہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیےمتفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔
کورونا وائرس سے قبل سری لنکا اور بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان پر سابق کرکٹرز کے اعزاز میں گراؤنڈ میں تقاریب کے انعقاد اور پھر حال ہی میں کلینڈر ایئر 2020 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پی سی بی ایوارڈز میں نوازنے کے بعد اب قومی کرکٹ کی نامور شخصیات کی خدمات کو سراہنے کے لیے یہ ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے ۔
Presenting you the six initial inductees of the PCB Hall of Fame 👏👏👏👏👏👏
MORE: https://t.co/dSZN7EzNxy #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/IfHghcUlbH
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) April 11, 2021
ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ اراکین، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ آگے بڑھتے ہوئے ہر سال ( بشمول رواں سال ) مزید تین شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کی جائیں گی۔ان شخصیات کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔
پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال اکتوبر کی 16 تاریخ کو کیا جائے گا، یہ وہی دن ہے جب پاکستان نے سن 1952 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔
بین الاقوامی کرکٹ سے کم از کم پانچ سال قبل ریٹائر ہونے والے کھلاڑی ہی پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت کے اہل ہوں گے۔