لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئندہ برس آسٹریلیا کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ ٹیم کے پاکستان آنے پر شکر گزار ہیں، کامیاب سیریز جاری ہے، آئندہ برس آسٹریلوی ٹیم پاکستان آئے گی۔
وسیم خان نے کہا کہ اب سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں رہا، کورونا بڑا مسئلہ ہے، ملک میں آئی سی سی ایونٹس کروانے کا فیصلہ اکتوبر، نومبر تک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا ترانہ کسی کو پسند ہے کسی کو نہیں، لیگ شروع ہونے دیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔
وسیم خان نے بتایا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی ریکارڈںگ استنبول کے علاوہ کوئٹہ میں بھی کی ہے، ٹیکنیشنز اور پروڈکشن کی وجہ سے بیرون ملک گئے، ہماری پروڈکشن بھی بہتر ہوگی تو یہاں بھی ریکارڈنگ ہوگی، پی ایس ایل کی تیاریاں جاری ہیں ٹکٹوں کی فروخت پیر سے شروع ہوگی۔
سی ای او پی سی بی کا کہنا تھا کہ کوچز اسٹاف کو دھمکی نہیں دی اور نہ ہٹانے کی بات کی ہے، کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بھی دو ہفتے تک ہوگا، کمیٹی مینز اور ویمنز ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔
محمد حفیظ اور سرفراز کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑی کو خود ڈسپلن ہونا پڑتا ہے، کھلاڑیوں کو خود ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔