ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

احسان مانی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ، گراؤنڈ پر 6 ماہ میں 7 سو ملین خرچ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا، چیئرمین نے بتایا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں 6 ماہ میں 6 سو سے 7 سو ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ ہے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ ہمیں آگاہ کرے، بنگلا دیش سے بات چل رہی ہے، اگلے ماہ ایم سی سی آ رہی ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا ہم یہ کہنے کے لیے کیوں کسی کے پاس جائیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، کسی کو اس حوالے سے اعتراض ہے تو وہ آکر بات کرے، بنگلا دیش کے ساتھ ٹیسٹ میچ بھی راولپنڈی ہی میں ہوں گے، اس سلسلے میں بنگلا دیش کی سیکورٹی ٹیم یہاں آئی تھی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں:  سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

چیئرمین پی سی بی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کا کام ملک کو چلانا ہے وہ کسی ٹیم کو کیوں دعوت دیں گے۔ خیال رہے احسان مانی نے دو دن قبل بنگلہ دیشی ٹیم کے دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ ہمارے پاس 7 سلیکٹرز ہیں اور سب کے سب کرکٹر رہ چکے ہیں، جب تک ملک میں فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی اچھا کھیل پیش نہیں کر سکتے، ہمیں کرکٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانا ہوگا، آئی سی سی کے جنوری کے اجلاس میں شرکت کروں گا، کبھی آئی سی سی میں اتنے لوگ شامل نہیں ہوئے جتنے اب ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آج دوسرا دن ہے، تاہم راولپنڈی اسٹیڈیم میں بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں