لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل کیا جائے گا، گورننگ بورڈ کے 10 میں سے 9 ارا کین نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بھی کے گورننگ بورڈ کے اراکین پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل کریں گے، احسان مانی کے بلا مقابلہ چیئرمین بننے کا قوی امکان ہے۔
چیئرمین کے عہدے کے حصول کے سلسلے میں احسان مانی نے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سے ملاقاتیں کیں۔
پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے قذافی اسٹیڈیم کے میڈیا کانفرنس روم میں ایک خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد رانا کے ساتھ کرکٹ بورڈ کے الیکشن کروائیں گے۔
کل تین بجے سہ پہر پی سی بی کی جانب سے اجلاس کی فوٹیج بھی جاری کی جائے گی اور چیئرمین کے انتخاب کے فوراً بعد پریس کانفرنس ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان
الیکشن شیڈول کے مطابق صبح گیارہ بجے سے ساڑے گیارہ کے درمیان کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوں گے، اگلے آدھے گھنٹے میں اعتراضات اور سکروٹنی ہوگی، بارہ بجے اعتراضات کی سماعت ہوگی، ساڑے بارہ بجے امیدوار دست بردار ہوسکیں گے، اور ایک بجے امیدواروں کی حمتی فہرست کا اعلان ہوگا جب کہ ڈیڑھ بجے پی سی بی کے چیئرمین کے لیے الیکشن ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی کے اعلان کے بعد پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کا بھی انتخاب کیا جائے گا، جس کے لیے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے طور پر فرائض ادا کرنے والے آفیشل ذاکر خان مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔