لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ دنیا تسلیم کررہی ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے انگلینڈ کرکٹ ٹیم اکتوبر 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دینے کے لیے گزشتہ سال سے کام کررہے تھے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کی پاکستان آمد اسی سلسلے کی کڑی تھی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے شائقین کرکٹ بہت خوش ہوں گے۔
Delighted Wasim Khan talks through the process that resulted in the ECB confirming England's first tour to Pakistan in 16 years.#HarHaalMainCricet pic.twitter.com/KWQgVIV7LI
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 18, 2020
مزید پڑھیں: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا
واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا، انگلش ٹیم آئندہ سال 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
انگلش ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، دونوں میچز 2021 میں 14،15 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ انگلش ٹیم کو جنوری 2021 میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم دورہ کے اخراجات اور کھلاڑیوں کی عدم دستیابی پر دورہ اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا تھا۔