لاہور: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ذرایع کا کہنا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی جائے گی، نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر مکی آرتھر کوچنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو انھیں دوبارہ درخواست دینی ہوگی۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے معاہدے کیے جائیں گے، سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور بھی کوچنگ کے لیے سنجیدہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلے جلد ہوں گے، چیئرمین پی سی بی
پی سی بی کے ذرایع نے بتایا ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچز کی اسامیوں کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا، کوچز کے لیے اشتہار اس ماہ کے آخر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آیندہ چند ہفتوں میں نئی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
انھوں نے کہا تھا کہ جب انھوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو ورلڈ کپ میں کچھ ہی ماہ باقی تھے اور اسی وجہ سے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مکی آرتھر نے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔