پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے اور تین سلیکٹرز کو تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پے در پے شکستوں کے بعد کپتان بدلا، کوچ تبدیل کیا۔ فتوحات کا سلسلہ شروع ہوا تو اب سلیکشن کمیٹی کی تبدیلی کی باری بھی آ گئی ہے اور پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن تین سلیکٹرز تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ان میں سابق کپتان اظہر علی، سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اور سابق امپائر علیم ڈار شامل ہیں۔ تاہم عاقب جاوید اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ نئی سلیکشن کمیٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیمپئن کپتان سرفراز احمد کو شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اظہر علی، اسد شفیق اور علیم ڈار کو گزشتہ سال اکتوبر میں سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا تھا اور اس کمیٹی کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا کا ٹور تھا۔
یہ ٹور کامیاب ثابت ہوا تھا اور پاکستان 22 سال بعد آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے میں کامیاب ہوا تھا۔
موجودہ سلیکشن کمیٹی نے اپنے دور میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، ٹرائینگولر سیریز، ٹین ٹیسٹ سیریز، پانچ ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچوں کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا تھا۔
اس دوران پاکستان ٹیم نے تینوں فارمیٹ کے مجموعی طور پر 39 میچز کھیلے۔ ان میں سے 17 میں کامیابی سمیٹی اور 22 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔