پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہو رہا ہے جس میں کئی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت آج کراچی میں ہوگا۔ مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 4 فروری کو ختم ہو رہی ہے اس لیے اجلاس میں پی سی بی کے مستقبل سمیت کئی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
آج کے اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی شامل ہوں گے جس میں پی سی کے اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ گورننگ بورڈ کی تشکیل پر بھی پیش رفت ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس میں آئی پی سی کی ہدایات پر پی سی بی الیکشن کے معاملات زیر بحث ہونگے اور فنانشل معاملات پر بحث بھی ترجیحات میں شامل ہوگی جب کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ ذکا اشرف گزشتہ روز آئی جی سندھ سے ملاقات کر چکے ہیں جس میں پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران سیکیورٹی امور پر گفتگو ہوئی تھی۔