لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا منصوبہ پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان پہنچا ہے جس کے بعد مینجمنٹ کمیٹی نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی جے ایل کے پہلے سیزن میں کرکٹ بورڈ کو 99 کروڑ سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا اور اسپانسرز کی مد میں صرف 19 کروڑ حاصل ہوسکے جبکہ لیگ پر پروڈکشن کے اخراجات 28 کروڑ سے زائد کے آئے تھے۔
جونیئر لیگ میں سابق چیئرمین نے ایمرجنسی کے لیے دو کروڑ روپے مختص کروائے جبکہ کل اخراجات کروڑ 9 لاکھ 96 ہزار روپے کے ہوئے اس طرح ایونٹ کی وجہ سے کرکٹ بورڈ کو کُل 99 کروڑ 69 لاکھ 96 ہزار 400 کا خسارہ ہوا ہے، اس خسارے پر مینجمنٹ کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی نے چیئرمین پی سی رمیز راجا کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مینجمنٹ کمیٹی ان کے خلاف ایف آئی اے سے رجوع بھی کرے گی۔
پی جے ایل میں کمرشل اور کرکٹ آپریشنز کی مد میں 19 کروڑ 93 لاکھ روپے ادا کیے گئے، سیکیورٹی پر دو کروڑ جبکہ لاجسٹکس پر 14 کروڑ 89 لاکھ 20 ہزار 400 ادا کیے گئے۔
ایونٹ میں کھلاڑیوں، اسٹاف کو میچ فیس مد میں 44 کروڑ 28 لاکھ 60 ہزار روپے ادا کیے گئے اور انہیں ڈیلی الاؤنس کی مد میں دو کروڑ 7 لاکھ روپے دیے گئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایڈمنسٹریٹو اخراجات دو کروڑ 56 لاکھ 36 ہزار، لیگل اخراجات 75 لاکھ روپے آئے، میڈیا کی مد میں 90 لاکھ 80 ہزار، فنانس اور ایچ آر کے 70 لاکھ روپے اخراجات ہوئے۔