لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کوپاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اورپی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کا اجلاس ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہےگی، کراچی میں ملتان سلطانز، پشاور زلمی کا آج میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ایونٹ سےمتعلق افراد ہی آج نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج شائقین کے بغیر میچ ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ’جو کھلاڑی جانا چاہتے ہیں وہ جا سکتے ہیں اور فرنچائز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے متبادل کی اجازت دے رکھی ہے، کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ سے دستبردار ہونے کا کہا ہے۔
پی سی بی روزانہ ٹیموں کےمالکان سےمشاورت کے بعد صورتحال کاجائزہ لیتارہےگا، تاحال کسی بھی کھلاڑی میں کروناوائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم پاکستان اوربنگلادیش سیریزسےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔
بعد ازاں چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ کروناسے پیدا صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں، غیر ملکی9کھلاڑی بارڈرز اور فلائٹ آپریشن بندش کے خدشے کے باعث جانا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کروانے پر غور
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی غیرملکی کھلاڑیوں کی خیریت سے روانگی کاخواہاں ہے، تمام افرادکی بھلائی کیلئےصورتحال کے مطابق مستقبل میں فیصلے ہوں گے۔
اس سے قبل کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کوپی ایس ایل سے دستبرداری کاآپشن دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی لیگ سے الگ ہونے کا اختیار رکھتا ہے ، تمام ٹیموں کےپاس متبادل کھلاڑی رکھنےکا آپشن موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔
خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچزکروانے پر غور شروع کردیا ہے اور کہا پنجاب حکومت جو بھی ایڈوائزری جاری کرے گی اس پرعمل کریں گے۔
سندھ حکومت کی ہدایت پر پہلے ہی کراچی میں پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔
پی سی بی نے کرونا سے بچنے کیلئے پلیئرز اور شائقین کواحتیاطی تدابیر لینے کا مشورہ دیتے ہوئے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوہاتھ ملانےسےمنع کردیا ہے اور شائقین سےگزارش کی ہےکرکٹرز سے آٹوگراف لینےکیلئےقریب نہ جائیں۔