لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیم ملک کے جواب کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے، تاہم پی سی بی نے انھیں اپیل کا حق بھی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کا جواب ایک بار مسترد کرتے ہوئے انھیں اپیل کا حق دے دیا، جس پر انھوں نے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اپیل دائر کر دی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس اپیل پر پینل کا اعلان جلد کرے گا۔ یاد رہے کہ سلیم ملک نے پابندی کے خاتمے سے متعلق آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کا دوسرا جواب 18 اگست کو پی سی بی میں جمع کرایا تھا۔
سلیم ملک نے پی سی بی میں جواب جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپنے خلاف موجود تمام دستاویزات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ آئی سی سی کا معاملہ پی سی بی نے خود بنایا ہوا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو آئی سی سی کی جانب سے انھیں بھی خط لکھا جاتا۔
سلیم ملک کا کہنا ہے کہ انھیں 2 سو صفحات پر مشتمل نوٹس دیا گیا تھا، تاہم بورڈ نے اب تک انھیں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔
واضح رہے کہ پی سی بی حکام نے سلیم ملک کو آئی سی سی کی جانب سے میچ فکسنگ کے سوالات کے جواب دینے کا کہا تھا۔