لاہور: مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ٹیم بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے میدان میں آگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مشکل کی گھڑی میں گھرے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشن، ادویات اور دیگر اشیائےضروریہ سے لدے تین ٹرک آفت زدہ علاقوں کو روانہ کردیے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی بھارت کیخلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے سیلاب متاثرین کی مدد کریں، اس معاملے پر دوسرے کھلاڑیوں سے بھی بات کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک کے تین صوبے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختون خواہ اس وقت سیلاب کی زد میں ہیں، اور اب تک ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، سندھ میں سیلاب سے 49 لاکھ، پنجاب میں 4 لاکھ 45 ہزار، بلوچستان میں 4 لاکھ 85ہزار افراد کیمپوں میں موجود ہیں۔