نسیم شاہ کے بعد پی سی بی نے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور رضوان کو این او سی دینے سے انکار کر دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آنے والے فرنچائز ٹورنامنٹس کے لیے کئی اہم کھلاڑیوں کے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) روکنے کی توقع ہے۔
یہ فیصلہ ان کی جانب سے دی ہنڈریڈ کے لیے نسیم شاہ کو این او سی دینے سے انکار کے بعد کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، اور بابر اعظم 25 جولائی سے شروع ہونے والی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کینیڈا کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جس کی بنیادی وجہ ورک لوڈ ہے۔
پی سی بی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس کے سرکردہ کھلاڑی مصروف قومی شیڈول سے پہلے آرام کریں، جس میں بنگلہ دیش کے خلاف 21 اگست سے شروع ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی شامل ہے۔
پی سی بی نے نسیم شاہ کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت این او سی جاری نہیں کیا، نسیم شاہ نے این او سی کے لیے درخواست دی تھی جس کے جائزے کے بعد فیصلہ سامنے آیا ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر گزشتہ سال فٹنس مسائل سے دو چار ہوئے تھے اور اب پاکستان ٹیم کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کو احتیاطی تدابیر کے طور پر این او سی جاری نہیں کیا گیا ہے اور اس حوالے سے انہیں آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر کا دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فونکس کے ساتھ معاہدہ ہوچکا تھا، انہیں ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کے معاوضے کی رقم پاکستانی لگ بھگ ساڑھے چار کروڑ روپے بنتی ہے۔