لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کیا۔پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس 2019 سے 2021 تک دیےگئے تھے۔
شعیب نوید کا کہنا تھا کہ پی سی بی پروفیشنل ادارہ ہے جو شفافیت سے کام کرتا ہے، متعدد یاد دہانیوں کے باوجود پارٹنر نے معاہدے کی پاسداری نہ کی۔انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نئے براڈ کاسٹرز اور سب لائسنسیز سے رابطے میں ہے۔
اس سے قبل رواں سال مئی میں پی ایس ایل 2020 کے میڈیا رائٹس رکھنے والی کمپنی نے ایونٹ کی لائیو اسٹریمنگ کے رائٹس پی سی بی سے اجازت لیے بغیر فروخت کر دیے تھے۔
کمپنی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ معافی طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پی سی بی کی ہمدردانہ نظر کے منتظر ہیں۔