لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 2020 کے 10 میچز کی ٹکٹوں کی واپسی کا شیڈول جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل فائیو کے دس میچز کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق پہلا مرحلہ 13 جولائی سے 5 اگست اور دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔
پی سی بی حکام کے مطابق بارش اور کرونا کے باعث شیڈول تبدیل ہونے والے میچز کے ٹکٹ ری فنڈ ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹوں کی واپسی کا عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص کوریئر مراکز پر ہوگا، جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، گوجرانوالہ، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، سکھر، لودھراں اور وہاڑی بھی شامل ہیں۔
مداحوں کو پی ایس ایل کے ٹکٹوں کے پیسوں کے واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصلی ٹکٹ ان مخصوص کوریئر مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔
پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی جانتے ہیں کہ کرونا کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام شائقین سے ٹکٹوں کی واپسی کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔