راولپنڈی : طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر راولپنڈی میں مشتعل طلبا نے نجی کالج پر دھاوا بول دیا ، عمارت کے شیشے توڑ ڈالے اور فرنیچر کو آگ لگادی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی وضاحت اور تردید کے باوجود پنجاب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کو بنیاد بنا کر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی میں مشتعل طلبہ نے نجی کالج پردھاوا بول دیا اور اینٹ سے اینٹ بجادی ، طلبہ کی بڑی تعداد نے نجی کالج میں گھس کر بسوں کے شیشے توڑ دیئے، عمارت ، دفاتر اور کینٹین میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس کھڑی تماشہ دیکھتی رہی۔
طلبا نے کالج کا قیمتی سامان سڑک کے بیچ میں رکھ کے نظرآتش کر دیا، مرکزی گیٹ توڑا اور پتھراو بھی کیا۔
ڈھوک گنگال میں کالج کے باہر طلبا نے آگ لگاکر سڑک بلاک کردی، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل برسادیے، شدیدشیلنگ کی وجہ سے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آئیں۔
احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث سکستھ روڈ سے صدیقی چوک جانے والی سڑک بند ہوگئی تاہم راولپنڈی اور اسلام اباد پولیس نے نجی کالج میں پھنسے 80 سے زائد کالج کے سٹاف کو باحفاظت نکال لیا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کی سختی سے تردید کی تھی۔