کویت سٹی: وزارت صحت کویت نے کہا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں اور نجی طبی مراکز کے لیے کرونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔
وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح کا ویکسی نیشن سے متعلق کہنا تھا کہ ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان افراد کو خارج کرے گی جو ویکسین لینے کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتے۔
بدھ کو کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ویکسی نیشن کے لیے مقرر کیے جانے والے نظام الاوقات کے تحت اب تک 35 ہزار شہریوں کو کرونا ویکسین دی جا چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ویکسین کی ترسیل پوری دنیا میں رک چکی ہے کیوں کہ سپلائی کرنے والے ضرورتوں کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ 15 فروری تک ویکسین کی نئی کھیپ کویت پہنچ جائے گی، انھوں نے کہا کہ کویت کرونا کے خلاف ویکسین دینے والے تمام ریاستوں میں سر فہرست ہے۔
ادھر وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے افراد میں وائرس کا کوئی انفیکشن نہیں پایا گیا، ویکسی نیشن کے بعد انفیکشن کا امکان 95 فی صد کم ہو جاتا ہے۔
محکمہ صحت لائسنسنگ کے ڈائریکٹر سعود ابیل نے اسپتالوں اور نجی مراکز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کرونا کے ٹیسٹ کے لیے 30 دینار کی فیس مقرر کی گئی ہے، انھوں نے واضح کیا کہ میڈیکل لائنسنسگ کمیٹی نے اس کی منظوری دی۔