کراچی: ترکی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے، ترک سول ایوی ایشن نے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مسافر اب بغیر کرونا پی سی آر ٹیسٹ کے ترکی کا سفر کر سکیں گے، ترک سول ایوی ایشن نے ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔
تاہم سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ ترکی آنے والے مسافروں کو مکمل ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہو گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے بھی ان ممالک سے پابندی ہٹالی ہے جہاں سے مسافروں کے براہ راست مملکت آنے پر پابندی تھی، اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ویکسین کی پابندی سے بھی مستثنیٰ ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ ایسے مقیم غیر ملکی بھی سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں جنھوں نے کرونا ویکسین کی ڈوز نہیں لگوائی ہیں، مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری نہیں رہا ہے۔
تاہم جو مقیم غیر ملکی ویکسین لگوائے بغیر مملکت پہنچیں گے ان پر ویکسین کے حوالے سے وہ پابندیاں عائد ہوں گی جو سعودی شہریوں اور مملکت میں موجود تارکین پر نافذ کی جا رہی ہیں۔