پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کراچی میں پی ڈی ایم جلسہ، ن لیگ کی جانب سے مریم نواز کا اہم خطاب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا دوسرا جلسہ آج کراچی میں شام 4 بجے باغ جناح میں منعقد ہو رہا ہے، جس سے ن لیگ کی طرف سے مریم نواز اہم خطاب کریں گی۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ کراچی جلسے کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کیا گیا تھا یہ معلوم کرنے کے لیے کہ نواز شریف خطاب کریں گے یا نہیں۔

ذرایع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیر اعظم کے خطاب کا شیڈول طلب کیا گیا، تاہم ن لیگ کی جانب سے فی الحال نواز شریف کے خطاب کا کوئی شیڈول نہیں دیا جاسکا، البتہ پی ڈی ایم کے جلسے سے ن لیگ کی طرف سے اہم خطاب مریم نواز کریں گی۔

مسلم لیگ ن سندھ کی جانب سے مریم نواز کے استقبال کا پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، مریم نواز کو ریلی کی صورت میں ایئر پورٹ سے شاہراہ فیصل اور پھر شاہراہ قائدین لایا جائے گا، شاہراہ فیصل پر استقبالیہ کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے، شاہراہ قائدین پر مریم نواز مزار قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گی، وہ میڈیا سے سہ پہر تین بجے مزار قائد پر گفتگو بھی کریں گی۔

لاہور سے روانگی

مریم نواز نے جاتی امرا سے کراچی کے لیے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پہلے بھی وی آئی پی طریقے سے جیلوں میں نہیں رہے، وزیر اعظم کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تھی، میاں صاحب نے کہا ہے بڑوں کی لڑائی میں چھوٹوں کا کام نہیں۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت کو کراچی جلسہ نظر نہیں آیا؟ مریم نواز نے جواب میں کہا حکومت کو کچھ دنوں میں سب نظر آ جائے گا، عمران خان سے ہمارا مقابلہ ہے ہی نہیں، ہم خوف زدہ نہیں ہیں، وہ دھمکیاں کسی اور کو دیں، ہم تو 2 بار 6،6 مہینے جیل کاٹ آئے ہیں اب گرفتاری سے کیسا خوف، جو خوف تھا وہ بھی ختم ہوگیا ہے۔

ٹریفک پلان

ادھر ٹریفک پولیس نے پی ڈی ایم جلسے کے پیش نظر ٹریفک روٹ پلان جاری کر دیا ہے، جلسہ شام 4 بجے باغ جناح میں ہوگا، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے، جمشید روڈ تا نمائش سڑک عام ٹریفک کے لیے بند رہےگی، تین ہٹی سے نمائش عام شہریوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شارع قائدین پر ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے نہیں دیا جائے گا، شہری گرومندر سے سولجر بازار کا متبادل راستہ اختیار کریں، جمشید روڈ سے جیل فلائی اوور کا راستہ اختیار کیا جائے، جب کہ نیو ٹاؤن اور طارق روڈ کا متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔

سیکورٹی انتظامات

باغ جناح میں پی ڈی ایم کے جلسے کی سیکورٹی جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے باغ جناح کا دورہ کیا تھا، ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی اور ڈی آئی جی امین یوسف زئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اے آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ جلسے کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 5 ہزار 200 اہل کار جلسے کی سیکورٹی پر مامور ہوں گے، جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے وی آئی پی سمیت 4 داخلی گیٹ بنائے گئے ہیں۔

مرکزی اسٹیج کے اطراف خاردار تاریں لگا کر روکاوٹ لگائی گئی ہے، ایس ایس یو کے جوان جلسہ گاہ میں پہلے ہی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں