مظفر آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں عمران خان زندہ باد کے نعرے لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں یوم یک جہتی کشمیر کے سلسلے میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جب تقریر کرنے لگیں تو انھوں نے عمران خان کے خلاف نعرے لگوائے، جس پر جلسے میں موجود چند خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔
تقریر کے دوران مریم نواز عمران خان مخالف جب کہ خواتین زندہ باد کے نعرے لگاتی رہیں، جس پر پولیس نے حرکت میں آ کر عمران خان زندہ باد نعرے لگانے والی خواتین کو جلسہ گاہ سے باہر نکال دیا۔
کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو
مریم نواز نے تقریر کے دوران ایک بڑی غلطی بھی کی، اگرچہ ان کی تقریر لکھی ہوئی تھی لیکن وہ ایک اہم تاریخ پھر بھی غلط دہراتی رہیں، بھارت نے کشمیر کا خصوصی درجہ 5 اگست کو تبدیل کیا تھا لیکن مریم نواز تقریر میں پانچ اگست کی بجائے 15 اگست بولتی رہیں۔
مریم نواز تقریر میں بار بار پندرہ اگست کہتی رہیں، واضح رہے کہ پندرہ اگست کو بھارت یوم آزادی مناتا ہے۔
دریں اثنا، مریم نواز نے مظفر آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب جب سقوطِ کشمیر کا نام آئے گا عمران خان کٹہرے میں کھڑا نظر آئے گا، جب کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک آئے تو ہماری پالیسی دو منٹ کی خاموشی تھی۔