اسلام آباد : پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے سوال کیا بشریٰ بی بی ہوٹل میں اسلامی ملک کی اہم شخصیت سے کیوں ملی؟ شخصیت کو یہ بھی کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی ملک سے باہر جانے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی سزا معطلی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کس کے لیے دوست اسلامی ملک سےاین آر او مانگ رہی ہیں، گزشتہ روز ایک خبر نے چیئرمین پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کیا تھا۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی ہوٹل میں اسلامی ملک کی اہم شخصیت سے کیوں ملی؟ اس اہم شخصیت کو یہ بھی کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی ملک سے باہر جانے کو تیار ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ آج قوم کو بتادوں چیئرمین پی ٹی آئی اب باہر جانے کیلئے منتیں کررہا ہے، ثابت ہوگیا ملک میں اشرافیہ کیلئے الگ اور عوام کیلئے الگ قانون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اس ملک کے آئین کو پامال کیا ہے، ایک دہشت گرد کو رہا کرنے کا یہ فیصلہ سیاہ تاریخ میں لکھا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی باہر جانے کی منت کررہے ہیں مگر یہ خواب پورا نہیں ہوگا اور قوم اس دہشت گرد کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے توشہ خانہ کیس میں ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی سزا معطل کر دی، چیف جسٹس نے بابر اعوان سے مکالمے میں کہا کہ آرڈر کی کاپی کچھ دیر بعد مل جائے گی۔
واضح رہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔