لاہور : پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا،جس میں اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور دریائے چناب میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سرگرمیاں جاری رہنے کی توقع ہے ، 12سے14 اگست ڈی جی خان ،ملتان میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ مرالہ، خانکی ،قادر آباد پر 24گھنٹے کے بعد درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے جبکہ دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں بھی درمیانے،اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور ضلع میانوالی کے نالوں میں شدید سیلاب متوقع ہے اور ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں 14 اگست تک سیلاب کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں سے ملتان، سرگودھا ،ڈی جی خان میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے، کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔