پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے اب تک 27 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے لکی مروت، کرک اور بنوں میں 27 افراد جاں بحق اور 146 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے، ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے بنوں کے متاثرین کے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیے، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔