لاہور / اسلام آباد: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث وفاقی و صوبائی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آ جانے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش جاری ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ڈی سیز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں۔
ڈی جی اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کا عملہ بھی شہریوں کی مدد کے لیے تیار رہے۔