خیرپور: مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ الطا ف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دوسرے سے الگ ہونا مشکل بات ہے، خدافاروق ستار پر رحم کرے، دھرنے،جلسے، جلوس ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کے گھر پر جانا نامناسب ہے، عوام تبدیلی چاہتے ہیں تو اس کے لیے عوام کو خود نکلنا ہوگا۔
خیرپور کے قریب اپنی رہائش گاہ پیر جوگوٹھ میں مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر سید صدر الدین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیرپگاڑا نے کہا کہ خدا منظور وسان کی زبان قبول کرے جنہوں نے کہا تھا کہ چند دنوں میں عوام سکھ کا سانس لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کی مدت میں اضافہ کرنا نواز شریف کا کام ہے مگر راحیل شریف خود نہیں چاہتے کہ ان کی ملازمت میں توسیع ہو۔
پیرپگاڑا کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بہت اچھا کام کررہا ہے لیکن یہ کام چار پانچ سال پہلے ہوتے تو اور بھی اچھا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرونی خدشات لاحق ہیں جس کے ثبوت بھارتی جاسوس کا پکڑا جانا ہے،پاکستان نہ چھوٹا ملک ہے اور نہ ہی پاکستانی فوج کمزور ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 1990ء سے لے کر پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی تھیں اور اب وہ باتیں کھل رہی ہیں،جس طرح جمہوریت کی گاڑی چل رہی ہے سمجھ سے بالاتر ہے،پاناما لیکس پر نواز شریف کی اولاد اور نواز شریف کے بیانات میں تضاد ہے۔
پیرپگاڑا نے کہا کہ خدا فاروق ستار پر رحم کرے کیونکہ فاروق ستار شریف اور بہت غریب آدمی ہے جس کے لیے پارٹی چلانا بس کی بات نہیں،شکلیں بدلنے سے تبدیلی نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سندھ آٹھ سال اسی کابینہ کے رکن تھے اس لیے اب کیا تبدیلیاں آنی ہیں۔