اسلام آباد: پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس نے عمران خان کی شادی کے متعلق خبریں نشر کرنے والے ٹی وی چینلز سے تحریری جواب طلب کر تے ہوئے سماعت 26اگست تک ملتوی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی شادی سے متعلق بے بنیاد خبروں کے حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر پیمرا کونسل آف کمپلینٹس میں سماعت کی گئی، دورانِ سماعت تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ ’’عمران خان کی شادی کے حوالے سے بے بنیاد خبریں نشر کر کے اُن کی ساکھ متاثر کی گئی پیمرا کو اس جھوٹی خبر کے نشر ہونے پر از خود نوٹس لینا چاہیے تھا۔
سماعت کے دوران مختلف چینلز کے نمائندوں نے غلط خبر نشر کرنے پر معذرت کرتے ہوئے اپنے چینلز پر باضابطہ معذرت نشر کرنے کی پیش کش کی، جس پر پیمرا نے ٹیلی ویژن چینلز سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کو 26 اگست تک ملتوی کردیا۔
پڑھیں : جب بھی شادی کی دھوم دھام سے کروں گا،عمران خان
اس موقع پر تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری کسی چینل سے کوئی لڑائی نہیں اور نہ ہی دوبارہ تردیدی خبر کی خواہش ہے۔ پیمرا میں درخواست دائر کرنے کا مقصد محض یہ تھا کہ آزادی صحافت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا طریقہ کار ترتیب دیا جائے جس سے مستقبل میں کسی بھی شخص یا شہری کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچ سکے۔
مزید پڑھیں : میڈیا پرمیری شادی کی خبریں چلانا غیراخلاقی حرکت ہے، عمران خان
یاد رہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے ٹی وی چینلز پر خبریں نشر ہونے کے بعد قیادت نے پیمرا میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ’’ شادی کے حوالے سے نشر ہونے والی بے بنیاد خبر سے عمران خان کی شہرت سمیت متعلقہ خواتین کی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے‘‘۔